پلوامہ (جموں کشمیر):جموں کشمیر اپنی پارٹی (جے کے اے اپی) نے جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں انتخابی مہم کے تحت روڈ شو کا اہتمام کیا۔ روڈ شو میں سرینگر پارلیمانی نشست کے لیے پارٹی کے امیدوار محمد اشرف میر سمیت پارٹی کے درجنوں کارکنان و محبین نے شرکت کی۔ ووٹروں کو اپنی جانب راغب کرنے کی غرض سے اپنی پارٹی سمیت دیگر سبھی سیاسی جماعتوں کی جانب سے ریلیز، روڈ شوز اور کنونشنز کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
اپنی پارٹی کے امیدار محمد اشرف میر نے پلوامہ میں منعقدہ روڈ شو کے دوران خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’’جموں کشمیر اپنی پارٹی کا ایک واضح ایجنڈا ہے کہ نوجوانوں کے مستقبل کو سوارنا۔ جموں و کشمیر کے لوگوں کو چاہیے کہ اس ایجنڈے کی حمایت کریں۔‘‘ محمد اشرف میر نے کہا کہ جموں و کشمیر اپنی پارٹی کا بنیادی مقصد ’’باہر کی جیلوں میں بند تمام کشمیری قیدیوں کو واپس کشمیر لانا ہے۔‘‘