پلوامہ (جموں کشمیر) :جموں کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت آج 24 اسمبلی حلقوں میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں، جن میں کشمیر صوبے کے 16 بشمول پانپور، ترال، پلوامہ، راجپورہ، زینہ پورہ، شوپیاں، ڈی ایچ پورہ، کولگام، دیوسر، ڈورو، کوکرناگ، اننت ناگ ویسٹ، اننت ناگ 44سری گفوارہ - بجبہاڑہ، شانگس اور اننت ایسٹ اسمبلی حلقے شامل ہیں، جبکہ جموں صوبے کے 8 حلقوں بشمول کشتواڑ، اندروال، پڈر ناگسینی، بھدرواہ، ڈوڈہ، ڈوڈہ ویسٹ، رام بن اور بانہال کے نام قابل ذکر ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے پرویز الدین نے کئی انتخابی حلقوں کا دورہ کرکے مختلف عمر و طبقہ ہائے فکر سے وابستہ افراد کاص کر نوجوان ووٹرز سے بات کرکے ان کے تاثرات معلوم کیے جو کہ پہلی مرتبہ ووٹ ڈال رہے ہیں۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ گفتگو کے دوران نوجوان ووٹرز نے کہا کہ اس مرتبہ کا اسمبلی انتخاب کافی اہمیت کا حامل ہے۔ نہ صرف منتخب نمائندے کے چننے سے علاقے کے لوگوں کے مسائل و مشکلات کا ازالہ ہو سکتا ہے بلکہ جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال ہونے کی راہ بھی ہموار ہو سکتی ہے۔
نوجوان راے دہندگان کہتے ہیں: ’’کشمیر میں نوجوانوں کے مسائل کم نہیں ہیں۔ بے روز گاری کے علاوہ ایسے کئی دیگر معاملات ہیں جن کو اعلیٰ ایوان تک پہنچانے کی ضرورت ہے تاکہ یہاں کا نوجوان بھی باعزت طریقے سے اپنی زندگی گزار سکے۔‘‘ اسی طرح یہاں کے بزرگ ووٹرز بھی بننے والی نئی اسمبلی سے کافی امیدیں وابستہ لگائے بیٹھے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ یہ بدلاؤ کا انتخابات ہے جس کے لیے ہر ایک اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرنا ہوگا۔