بارہمولہ: پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں سال رواں کے پہلے دو مہینوں کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 39 مقدمے درج کرکے 62 منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کی زائد از ایک کروڑ روپے مالیت کی جایدادوں کو ضبط کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بارہمولہ پولیس نے منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاون شروع کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے دو مہینوں کے دوران بارہمولہ پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 39 مقدمے درج کرکے 62 منشیات فروشوں کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار شدگان میں سات بدنام زمانہ منشیات فروش بھی شامل ہیں، جنہیں پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔موصوف ترجمان کے مطابق منشیات فروشوں کے تین رہائشی مکان، ایک شاپنگ کمپلیکس، دو آئی ٹونٹی گاڑیاں اور ایک اسکوٹی کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔