اننت ناگ (جموں کشمیر) :منشیات کی بدعت کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھتے ہوئے اننت ناگ پولیس نے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے منشیات کی بھاری کھیپ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن سری گفوارہ کو باوثوق ذرائع سے اطلاع ملی کہ کلان سریگفوارہ گاؤں سے تعلق رکھنے والے پیر آصف رشید اور پیر توصیف رشید پسران پیر عبدالرشید نامی دو بھائی منشیات فروشی کا کاروبار کر رہے ہیں اور اپنے رہائشی مکان میں بھاری مقدار میں نشہ آور اشیاء جمع کر رکھی ہیں۔
اننت ناگ پولیس اور متعلقہ ایگزیکٹیو مجسٹریٹ پر مشتمل ایک تلاشی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے اس گھر کی تلاشی لی۔ گھر کی تلاشی کے دوران مکان سے تقریباً 9 کلو گرام چرس پاؤڈر اور 12 کوڈین فاسفیٹ کی بوتلیں برآمد ہوئیں جنہیں موقع پر ہی قبضے میں لے کر ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس سلسلہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن سری گفوارہ میں مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئی۔