راجوری (جموں کشمیر) :سرحدی ضلع راجوری کے ڈنگی برہمنہ علاقے میں ایک اسکول سے واپس آنے کے دوران دو کمسن بچیاں راستے میں پڑے بارودی مواد کے پھٹنے سے زخمی ہوگئیں۔ بچیوں کے دونوں ہاتھ جھلسنے کی وجہ سے انہیں اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ زخمی ہونے والی بچیوں کی شناخت دس سالہ تصویر کوثر دختر محمد رزاق ساکنہ ڈنگی برہمنہ اور 15سالہ صائمہ کوثر دختر محمد مشتاق ساکنہ ڈنگی برہمن گائ کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں لڑکیاں اسکول سے گھر واپس آرہی تھیں اور انہوں نے سڑک پر پڑے بارودی مواد کے ساتھ کھیلنا شروع کر دیا اور ہاتھوں میں لینے کے ساتھ ہی بارودی مواد دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس کے سبب دونوں لڑکیوں کے ہاتھوں میں چوٹیں آئی ہیں۔ جس کے بعد انہیں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔ سول ہسپتال کے ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد کے بعد دونوں کو جی ایم سی راجوری ریفر کر دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ لڑکیوں کی انگلیوں پر گہرے زخم ہیں۔ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ راستے میں کس قسم کا دھماکہ خیز مواد تھا اور وہ کہاں سے آیا؟ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے بھی علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ کونے کونے کی تلاشی کے ساتھ ساتھ لوگوں سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔