جموں (محمد اشرف گنائی):جمعرات کی شام جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر پاکستان مقبوضہ کشمیر سے دراندازی کی کوشش کرنے والے دو عسکریت پسند شدید گولیوں کے تبادلہ کے بعد مار گرائے گئے۔
وائٹ نائٹ کور نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ، کل رات پونچھ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر دہشت گردانہ نقل و حرکت کا پتہ چلا۔ الرٹ دستوں نے دراندازی کرنے والے، دہشت گردوں کو تیزی سے روکا، جس سے شدید اور بھاری فائرنگ شروع ہوئی۔ آپریشن رات بھر جاری رہا جس کے نتیجے میں دو دہشت گردوں کو بے اثر کر دیا گیا۔ اب تک علاقے کی تلاشی کے نتیجے میں متعدد ہتھیاروں اور جنگی ساز و سامان برآمد ہوا ہے۔ آپریشن جاری ہے۔
یہ واقعہ ایل او سی کے پونچھ کے کھاری کرمارا علاقے میں پیش آیا۔ فوج کے اہلکاروں نے مشکوک نقل و حرکت کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر قریبی چوکیوں کو الرٹ کر دیا۔ جیسے ہی عسکریت پسند نمودار ہوئے، سیکورٹی فورسز نے ان کے ساتھ فائرنگ شروع کردی۔ سیکورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کو گولی مار دی۔ اب تک علاقے کی تلاشی کے نتیجے میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور جنگی سامان برآمد ہوا ہے۔ دراندازی کی یہ کوشش ممکنہ حملوں کے بارے میں انٹیلی جنس وارننگ کے بعد سرحد پر سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان سامنے آئی ہے۔ جموں کے ڈوڈہ اور کٹھوعہ اضلاع میں عسکریت پسندوں کے میدانی علاقوں کی طرف بلندی سے اترنے کی اطلاعات کے بعد بیک وقت تلاشی لی جارہی ہے۔
جمعرات کی شام فوج نے کہا تھا کہ پونچھ علاقے میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جمعرات کی شام کو گولیوں کے تبادلے کی اطلاع ملی جب فوج کو پونچھ سیکٹر میں عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت کا پتہ چلا۔ ہندوستانی فوج نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ دہشت گردی کی نقل و حرکت کا پتہ لگانے کے بعد، الرٹ فوجیوں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔