ETV Bharat / jammu-and-kashmir
چٹانیں کھسکنے کے سبب جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک درماندہ - ٹریفک معطل
Traffic Suspended in Srinagar Jammu highway محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔اس دوران سرینگر جموں شاہراہ پر چٹانیں کھسکنے کی وجہ سے حکام نے شاہراہ کو آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
Published : Mar 2, 2024, 6:41 PM IST
اننت ناگ:جموں کشمیر میں مسلسل موسلا دھار بارشیں ہونے کے سبب جہاں عام زندگی متاثر ہوئی ہے، وہیں رامبن کے مہد کیفٹیریا ،ڈلواس، موس پاسی کے مقامات پر چٹانیں کھسکنے کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ کو ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے احتیاطی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک کی نقل و حمل بند رہنے کے سبب جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹنل کے دونوں اطراف سینکڑوں مال بردار گاڑیاں درماندہ ہو گئیں ہیں۔اس کے علاوہ ضلع اننت ناگ کے ونپوہ سے لے کر قاضی گنڈ ٹنل تک سینکڑوں ٹرکس قطاروں میں صبح سے ہی درماندہ ہیں۔
حکام کی جانب سے شاہراہ کو بحال کرنے کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ متاثرہ مقامات پر ملبہ ہٹانے کے لئے عملہ سمیت مشینریز کو کام پر لگا دیا گیا ہے، تاکہ شاہرہ کو جلد از جلد قابل آمدو رفت بنایا جائے ۔۔
ٹریفک حکام نے مسافروں کے لئے ایڈوائزی جاری کرتے ہوئے مسافروں سے تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ سفر پر نکل سے قبل شاہراہ کے بارے میں پتہ کریں،کوئی ایمرجنسی نہ ہونے کی صورت میں فی الحال احتیاطی طور پر اپنا سفر ترک کریں۔مسافر کسی بھی ایمرجنسی یا ٹریفک کے حوالے جانکاری حاصل کرنے کے لئے ٹریفک کنٹرول روم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
ادھر حکام کا کہنا ہے کہ وادی میں رسوئی گیس و دیگر ضروری اشیاء کا اسٹاک وافر مقدار میں موجود ہے۔واضح رہے کہ وادی میں گزشتہ روز سے پہاڑی علاقوں میں برفباری ہو رہی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں مسلسل بارشیں ہو رہی ہیں ،جس کے سبب عام زندگی متاثر ہوئی ہے۔