روایتی سیاست دانوں نے یہاں لوگوں کا ہمیشہ استحصال کیا: آزاد امیدوار فہیم ریشی (ETV Bharat Urdu)
سرینگر:روایتی سیاست دانوں نے شہر خاص کے لوگوں کے ساتھ ہمیشہ استحصال کیا ہے۔ عیدگاہ اسمبلی حلقے کے آزاد امیدوار فہیم ریشی کا کہنا ہے کہ یہاں روایتی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شہر خاص کے لوگوں کا ہمیشہ استحصال کیا ہے ایسے میں یہاں کے لوگ اب کی بار بدلاؤ چاہتے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار فہیم ریشی نے اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد ای ٹی وی بھارت کے نامہ نگار پرویز الدین کے ساتھ ایک بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاؤن ٹاؤن کی عوام اب روایتی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے جھانسے میں آنے والی نہیں ہے۔ ماضی میں بھی یہاں لوگوں کو بائیکاٹ کال سے ہمیشہ ڈرایا جاتا رہا۔ جس کے نتیجے میں وہ امیدوار سامنے آتے رہے جنہوں نے عوام کو استحصال کے سوا کچھ بھی نہیں دیا۔
فہیم ریشی نے مزید کہا کہ عیدگاہ اسمبلی حلقے میں لوگوں کے روزمرہ کے مسائل و معاملات کے انبار ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں کے نوجوانوں کے بھی مسائل کم نہیں ہیں۔ ایسے میں اب نوجوان باخبر اور باشعور ہو گئے ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ ان کی اصل نمائندگی کون کرسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں کی تاجر برادری کے ساتھ ساتھ عوام کی خدمت میری اولین ترجیحات میں ہوگی اور اگر میں کامیاب ہوتا ہوں تو میں اپنے لوگوں کے لیے مسائل دور کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھوں گا۔
قابل ذکر ہے کہ دس برس بعد جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات ہو رہے ہیں۔ ایسے میں پہلے مرحلے کے تحت انتخابات میں رواں ماہ کی 18 تاریخ کو ووٹنگ مکمل ہوئی۔ آج دوسرے مرحلے کے تحت 26 نشستوں پر ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ ایسے میں سرینگر کے 8 اسمبلی حلقوں میں 93 امیدوار میدان میں ہیں اور ان سبھی امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں بند ہورہی ہے۔