گاندربل:وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں 50 روزہ خشک سالی کے بعد ایک ہلکی مغربی ہوا کے زیر اثر تازہ برف باری اور بارش نے سردی میں اضافہ کر دیا ہے، جس سے وادی میں جزوی طور پر لوگ ریلیف محسوس کر رہے ہیں۔ وسطی کشمیر کے سونہ مرگ اور زوجیلا پاس سمیت دیگر بالائی مقامات پر برف باری نے فلک بوس پہاڑوں کو سفید چادر میں لپیٹ لیا ہے۔ وہیں تاہم زوجیلا پاس پر برف باری کے سبب سرینگر - لیہہ شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے عارضی طور پر بند کرنا پڑا ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق، شدید پھسلن کے سبب راستے کو محفوظ بنانے کے لیے سڑک کو بند کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق، شاہراہ پر برف ہٹانے کا عمل جاری ہے اور اگر موسم سازگار رہا تو سڑک کو جلد ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔ زوجیلا، کلشے ٹاپ، گریز، گلمرگ (فیز 2)، دودھ پتھری اور سنتھن ٹاپ سمیت مختلف علاقوں میں برف باری سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے جس سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔