جموں:حالیہ عسکری حملوں کے بعد لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور انٹرنیشنل بارڈر (آئی بی) پر سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ راجوری کے حساس علاقوں میں مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں۔ اس علاقے سے گزرنے والا راستہ 1990 سے 2003 تک عسکریت پسندوں کے لیے ایک معروف گزرگاہ رہا ہے اور حالیہ برسوں میں یہاں دوبارہ سرگرمی دیکھی گئی ہے۔
بھارتی فوج، جموں و کشمیر پولیس اور دیگر سکیورٹی ایجنسیز کے ساتھ مل کر ایل او سی، آئی بی پر دراندازی روکنے اور ممکنہ حملے ناکام بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ آرٹیفشل انٹیلیجنس پر مبنی جدید کیمرے رئیل ٹائم میں مشتبہ سرگرمیوں کے علاوہ (مطلوب یا مشتبہ) چہروں کی شناخت کرنے کے اہل ہیں۔ جس سے ان کی کارکردگی عام کیمروں کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ مزید یہ کہ سرحد کے قریب ہر گاڑی اور ہر شخص کی سخت جانچ کی جا رہی ہے اور نگرانی میں کتوں کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔