جموں (عامر کریم):ڈوڈہ ضلع کے بھدرواہ میں ایک سنسنی خیز واقعہ پیش آیا ہے۔ جہاں جموں کے تین نوجوان ایک گیسٹ ہاؤس میں مردہ پائے گئے ہیں۔
ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ مہتا نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایک پولیس افسر کو جموں سے فون آیا کہ اس کا بھائی اپنے دوستوں کے ساتھ نیا سال منانے کے لیے بھدرواہ میں ہے لیکن وہ کال کا جواب نہیں دے رہے ہیں۔
سندیپ مہتا نے اس ضمن میں مزید جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ، پولیس نے معلومات کی بنیاد پر تلاشی مہم شروع کر دی ہے اور ان کی گاڑی ایک گیسٹ ہاؤس رائل ان کے باہر سے ملی۔ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ وہ گیسٹ ہاؤس میں مقیم تھے لیکن ان کا کمرہ بند تھا۔ ہم نے دروازہ کھولنے میں کامیاب ہوئے اور انہیں بے ہوش پایا۔ جس کے بعد ڈاکٹروں کو بلایا گیا جس میں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
مہتا نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں ایسا لگتا ہے کہ دم گھٹنے کی وجہ سے ان کی موت ہوئی ہے۔ ایس ایس پی نے مزید کہا کہ، کمرے کے اندر کوئلے کا چولہا تھا۔ کمرے میں زیادہ وینٹیلیشن نہیں، جو موت کی وجہ ہو سکتی ہے۔ ایس ایس پی کے مطابق ایک شخص واش روم کے اندر پایا گیا اور دو بستر پر پڑے ہوئے تھے۔