بڈگام: وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں جموں کشمیر پولیس نے نئے فوجداری قوانین کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے اپنے سلسلہ وار بیداری مہم کے دوران گورنمنٹ ڈگری کالج ماگام میں ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا۔ تقریب میں معروف ماہرین تعلیم، ممتاز شخصیات اور جی ڈی سی ماگام کے طلباء کی خاصی شرکت دیکھنے کو ملی۔
پروگرام میں شرکاء کو نئے فوجداری قوانین کے بارے میں بنیادی جانکاری فراہم کی گئی اور ان کا استعمال کب عمل میں لایا جاتا ہے، ان قوانین میں ’’بھارتیہ ناگرک سرکشا‘‘، ’’بھارتیہ نیای سنہتا،‘‘ اور ’’بھارتیہ ساکشیہ ابھیان‘‘ شامل ہیں۔ شرکاء نے اس طرح کے اہم پروگرام کے انعقاد کے لیے بڈگام پولیس کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ایسے پروگرامز سے عام لوگوں خاص کر طلباء کو قوانین کے متعلق جانکاری حاصل ہوتی ہے جس سے وہ کسی بھی غلط کام سے دور رہیں گے۔