سرینگر (نیوز ڈیسک) :لداخ لوک سبھا حلقہ انتخاب سے آزاد امیدوار حاجی محمد حنیفہ کی جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کرگل کے نوجوان لیڈر اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس (کے ڈی اے) کے ترجمان سجاد کرگلی نے کہا کہ ’’لداخیوں نے اصل میں آئین ہند کی دفعہ 370 کو منسوخ کئے جانے اور سابق ریاست جموں کشمیر کو تقسیم کرنے کے مرکزی حکومت کے عمل کے خلاف ووٹ دیا ہے۔‘‘
سماجی رابطہ گاہ ایکس پر سجاد کرگلی نے کہا کہ ’’آج کا الیکشن ایک ریفرنڈم (استصواب رائے عامہ) کی مانند ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ آنے والی حکومت لداخ کو ریاست کا درجہ دے یا جموں و کشمیر اور لداخ کو دوبارہ متحد کرے۔‘‘ سجاد کرگلی، اس اتحاد میں شامل رہے ہیں جنہوں نے الیکشن سے قبل مرکزی محکمہ داخلہ کے ساتھ مزاکرات کے کئی دور کئے تھے جن میں کے ڈی اے اور لیہہ اپیکس باڈی نے لداخ کو ریاست کا درجہ دینے، نوکریوں میں ریزرویشن اور چھٹے شیڈول میں اندراج کے مطالبات پیش کئے تھے۔ مرکزی حکومت نے ان مطالبات کو پورا نہیں کیا بلکہ مزاکرات جاری رکھنے کی صلاح دی۔