سرینگر (جموں و کشمیر):کشمیر میں بارشوں اور برفباری کی وجہ سے اسکولوں میں سرمائی تعطیلات کی ممکنہ توسیع کے بارے میں قیاس آرائیوں کے بیچ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے منگل کے روز اس ضمن میں وضاحت پیش کی۔ انتظامی سیکریٹری، پیوش سنگلا نے واضح طور پر کہا ہے کہ تعطیلات کی توسیع کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے انہوں نے تعطیلات کے بارے میں گردش کر رہی خبر کو محض افواہ قرار دیا ہے۔
سنگلا نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا: ’’ابھی تک ہم نے اس ضمن میں کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے، لیکن جب بھی اس سلسلے میں کوئی فیصلہ لیا جائے گا، ہم اس کے مطابق طلباء کو مطلع کریں گے۔‘‘ یہ بیان علاقے میں طلباء اور والدین کے درمیان بڑھتے تذبذب کو ختم کرنے کے لیے جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے حکام نے سرینگر میں پہلے ہی عوام کو آگاہ کیا تھا کہ 28-29 فروری تک موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے، اور دور دراز علاقوں میں ہلکی بارش اور برف باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمے نے 2 اور 3 مارچ کے درمیان زور دار بارشوں کی توقع کے ساتھ، کچھ مقامات پر برفباری اور ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارش کی بھی پیش گوئی کی ہے۔