سری نگر: وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری اور میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے درمیان محکمے موسمیات نے 19 اپریل کی شام تک موسم آلود رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ 15 اپریل کو وادی کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 16 اور 17 اپریل کو کہیں کہیں ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 18 اور 19 اپریل کی شام تک کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 20 سے 25 اپریل تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمے نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کسانوں سے 16 اپریل تک اپنے باغوں اور کھیت کھلیانوں میں کام معطل رکھنے کو کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی کے پہاڑی علاقوں میں 14 اور 15 کہیں کہیں زمینی ٹرانسپورٹ متاثر ہو سکتی ہے اور اس دوران بعض مقامات پر مٹی کے تودے اور چٹانیں کھسکنے کا امکان ہے۔
محکمے کے مطابق سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 27.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ جبکہ اس دوران قاضی گنڈ میں 41.4 ملی میٹر، پہلگام میں 22.2 ملی میٹر، کپوارہ میں28.5 ملی میٹر اور گلمرگ میں 39.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔