شوپیاں (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں سیاحتی مقام دبجن میں جمعہ کی سہ پہر ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جس میں، رپورٹس کے مطابق، ایک نوجوان سیلفی لیتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دبجن کے علاقے میں مرتضیٰ احمد پرے ولد غلام احمد پرے ساکنہ کیگام، شوپیان نامی ایک نوجوان پہاڑی پر سیلفی لیتے ہوئے پہاڑی سے پھسل کر دریا میں جا گرا جس کے سبب اس کی موت واقع ہو گئی۔
حادثے کے دوران مرتضیٰ احمد کے دو ساتھی، جو اسے بچانے کی کوشش کر رہے تھے، بھی زخمی ہو گئے تاہم وہ مرتضیٰ کو بچانے میں کاماب نہ ہو سکے۔ تینوں نوجوانوں کو ضلع اسپتال شوپیان منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے مرتضیٰ کو مردہ قرار دیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق اسپتال پہنچانے سے قبل ہی اس کی موت واقع ہو چکی تھی تاہم دو دیگر زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے اور اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں۔