اننت ناگ (جموں کشمیر) :اننت ناگ کے شہلی پورہ علاقے میں کوڑے دان عوام کے لئے درد سر بن چکے ہیں، لوگوں کے مطابق علاقے میں عوام کی بہتری اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لیے علاقے میں کوڑے دان نصب کئے گئے ہیں تاہم ان کوڑے دانوں کی صفائی نہ کیے جانے سے یہ کوڑے دان ہی لوگوں کے لئے درد سر بن چکے ہیں۔ لوگوں کے مطابق کوڑے دان کی صفائی محکمہ دیہی ترقیات کے اختیار میں ہے تاہم متعلقہ محکمہ اس جانب توجہ نہیں دے رہا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے علاقے کو صاف ستھرا اور بیماریوں سے دور رکھنے کے لئے اگر چہ محکمہ دیہی ترقی کی جانب علاقے کے مختلف جگہوں پر کوڑے دان نصب کیے گئے مگر ان کی صفائی نہ کیے جانے سے ان میں جمع کوڑا کچرا لوگوں کے لیے پریشانیوں کا باعث بن چکا ہے۔ لوگوں نے دعویٰ کیا کہ محکمہ دیہی ترقی نے کوڑے دان میں جمع کوڑا آج تک نہیں اٹھایا جس کے سبب علاقے کے لوگوں کو مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کا خطرہ لاحق ہے۔