اننت ناگ (جموں کشمیر) : 26 جنوری یعنی یوم جمہوریہ کے پیش نظر یونین ٹیریٹری کے ساتھ ساتھ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں بھی سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اننت ناگ کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ بعض حفاظتی دستے گشت بھی انجام دے رہے ہیں، جبکہ حسب روایت گاڑیوں کی چینگ کے علاوہ راہگیروں کی جامہ تلاشی بھی انجام دی جا رہی ہے۔
اننت ناگ کے لال چوک، چینی چوک، آشاجی پورہ، مٹن چوک سمیت قصبہ کے حساس مقامات پر سیکورٹی فورسز اور پولیس کا کڑا پہرا بٹھا دیا گیا ہے۔ اننت ناگ میں جگہ جگہ گاڑیوں، موٹر سائیکل، تھری وہیلرز کی تلاشی لی جا رہی ہے جبکہ لوگوں کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جا رہے ہیں۔ 26جنوری کی تقاریب کو خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دینے کے لیے جہاں وادی بھر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں وہیں کسی بھی امکانی گڑ بڑی سے نمٹنے کے لیے فورسز کے اضافی دستوں کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی ہے۔ اہم اور حساس مقامات پر سیکورٹی اہلکاروں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔