سرینگر (نیوز ڈیسک):مشہور بالی ووڈ اسٹارز بشمول پرینکا چوپڑا، سمینتھا، بھومی پانڈیکر، تمنّا بھاٹیہ، کاجل اگروال، آیوشمان کھرانہ سمیت دیگر اداکاروں نے جموں و کشمیر کے ریاسی ضلع میں یاتریوں کو لے جانے والی بس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ سماجی رابطہ گاہوں پر جاری ٹرینڈنگ ہیش ٹیگ #AllEyesOnReasi جوائن کرکے اسٹارز نے اپنے غم و غصے اور متاثرین کے ساتھ ہمددری کا اظہار کیا۔
پرینکا چوپڑا نے منگل کی صبح انسٹاگرام اسٹوریز پر ریاسی حملے کی مذمت کرتے ہوئے لکھا: ’’دل برداشتہ۔ بے گناہ یاتریوں پر یہ وحشیانہ حملہ ناقابل فہم ہے۔ شہریوں اور بچوں کو کیوں نشانہ بنایا جاتا ہے؟ ! دنیا بھر میں موجود اس نفرت کو سمجھنا مشکل ہے۔‘‘ ساؤتھ انڈین اداکارہ سمینتھا روتھ پربھو نے بھی ’’ٹوٹے دل‘‘ کی ایموجی کے ساتھ انسٹاگرام اسٹوریز پر اپنے دکھ کا اظہار کیا۔
آیوشمان کھرانہ نے اس حملے کو ’’تباہ کن‘‘ قرار دیا، وہیں ورون دھون نے اسے ’’بزدلانہ دہشت گرد حملہ‘‘ قرار دیا۔ اداکارہ بھومی پانڈیکر نے انسٹاگرام اسٹوریز پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا: ’’ان لوگوں کے لیے دعائیں جنہوں نے آج ریاسی حملوں میں اپنے عزیزوں کو کھویا۔ دہشت گردی کی اس کارروائی میں بے گناہ جانیں ضائع ہونا انتہائی افسوس ناک ہے۔ اوم شانتی۔‘‘