جموں:جموں کے گومانسا سے تعلق رکھنے والے بحریہ کے 19سالہ اہلکار ساحل ورما گزشتہ دنوں بھارتیہ بحریہ کے جہاز ایک سے طور لاپتہ ہو گئے۔ گرچہ بحریہ نے اس ضمن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی ہے تاہم ساحل کے اہل خانہ نے اسے ناکافی قرار دیتے ہوئے معاملے کی تہہ تک جانے، اصل حقائق کا سراغ لگانے کے لیے انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔
ساحل کی والدہ، راما کماری، جو اپنے فرزند کے لاپتہ ہونے کی خبر کے بعد صدمے میں ہیں نے حکام سے ان کا بیٹا انہیں صحیح سلامت لوٹانے کی اپیل کی ہے۔ میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے راما کماری نے کہا: ’’مجھے حکومت کی جانب سے مراعات چاہئیں نہ نوکری، مجھے اپنے بیٹا زندہ اور صحیح سلامت چاہئے، میں نے اپنے بیٹے کو لاپتہ ہونے کا مرنے کے لیے وہاں (بحریہ میں) نہیں بھیجا۔‘‘ انہوں نے بحریہ کے طرز عمل پر حیرانگی اور عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’(گزشتہ) اتوار کو اس کے ساتھ روٹین کی طرح میں نے اپنے فرزند کے ساتھ بات کی، پھر معلوم ہوا کہ وہ اچانک لاپتہ ہو گیا، ایسے کیسے ایک شخص جہاز سے اچانک لاپتہ ہو سکتا ہے۔‘‘
راما کماری نے دبے الفاظ میں بحریہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’وہ (بحریہ اہلکار) پتہ نہیں کس چیز کو پوشیدہ رکھنا چاہتے ہیں، اگر کوئی معاملہ ہوا ہے تو وہ صاف صاف کہیں۔‘‘ ادھر، بحریہ کے جہاز سے اچانک لاپتہ ہونے سے ساحل کے اعزہ و اقارب انتہائی پریشان ہیں۔ گومانسا میں ان کی رہائشی گاہ پر سبھی دوست و احباب اور رشتہ دار آکر ساحل کے اہل خانہ کی ڈھارس بندھا رہا ہیں۔