نئی دہلی: راؤز ایونیو کورٹ نے 2005 کے جھارکھنڈ کوئلہ بلاک الاٹمنٹ گھوٹالہ معاملے میں ابھیجیت انفراسٹرکچر کے منیجنگ ڈائریکٹر کو چار سال اور سابق ڈائریکٹر کو تین سال قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے کمپنی پر 30 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ فیصلہ خصوصی جج ارون بھردواج نے سنایا ہے۔ عدالت نے ابھیجیت انفراسٹرکچر کے منیجنگ ڈائریکٹر منوج کمار جیسوال کو چار سال اور سابق ڈائریکٹر رمیش کمار جیسوال کو تین سال قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے 9 دسمبر کو تینوں کو قصوروار قرار دیا تھا۔
عدالت نے ابھیجیت انفراسٹرکچر کمپنی، اس کے منیجنگ ڈائریکٹر منوج کمار جیسوال اور سابق ڈائریکٹر رمیش کمار جیسوال کو 2005 میں جھارکھنڈ کے برندا، سیسائی اور میرل میں ابھیجیت انفراسٹرکچر کو کوئلہ بلاکس الاٹمنٹ کے معاملے میں قصوروار قرار دیا تھا۔ سی بی آئی کے مطابق ابھیجیت انفراسٹرکچر نے سرکاری ملازمین کے ساتھ سازش کر کے کوئلہ بلاک کا الاٹمنٹ حاصل کیا تھا۔ کمپنی پر الزام ہے کہ اس نے اپنی مالی پوزیشن کو غلط بیان کیا ہے۔
سی بی آئی کے مطابق، ابھیجیت انفراسٹرکچر نے کوئلہ بلاک کی الاٹمنٹ زمین کے حصول، مشینری کی خریداری اور پلانٹ کو چلانے کے لیے مالی مدد سے متعلق جعلی دستاویزات کی بنیاد پر حاصل کی تھی۔ کمپنی نے کوئلہ بلاک کی الاٹمنٹ حاصل کرنے کے لیے ہزاری باغ میں زمین کی خریداری کے جعلی دستاویزات پیش کیے تھے۔ جعلی دستاویزات کے ذریعے کمپنی نے وزارت اسٹیل سے اپنے حق میں سفارش کروائی جس کے بعد انہیں کول بلاک کی الاٹمنٹ ملی۔