گاؤں میں پہلی بار سڑک کی تعمیر سے لوگوں میں خوشی (ای ٹی وی بھارت) اننت ناگ (جموں کشمیر):جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں چک اشرداس علاقے کے باشندے گاؤں میں سڑک کی تعمیر کا کام شروع ہونے سے کافی خوشی نظر آ رہے ہیں۔ دہائیوں میں پہلی بار سڑکوں کی میگڈمائزیشن کے لئے گاؤں میں مختلف مشینوں کی آمد کے ساتھ ہی مقامی باشندے گھروں سے باہر آکر اپنے دیرینہ خواب کو شرمندہ تعبیر ہوتے دیکھ کر پھولے نہیں سمائے۔
چھترگل - رانی پورہ سڑک سے چک اشر داس گاؤں تک کی دو کلومیٹر طویل خستہ حال سڑک کی تعمیر و مرمت کا کام شروع ہونے سے لوگ کافی خوش ہیں۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ دہائیوں کے انتظار کے بعد کام تو شروع کیا گیا تاہم دو کلومیٹر طویل سڑک کا کام بھی مکمل نہیں کیا جا رہا، بلکہ محض ایک کلو میٹر سڑک کی تعمیر و تجدید انجام دی جا رہی ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی خستہ حالی کے سبب رہائشیوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا، لوگوں کے لئے سفر کرنا انتہائی مشکل بن چکا تھا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ’’اسکولی طلبہ کو تعلیمی اداروں تک جانے اور مریضوں، حاملہ خواتین کو ایمرجنسی کے دوران اسپتال لے جانے میں لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔‘‘ لوگوں کا کہنا ہے کہ اب سڑک کی تعمیر سے لوگوں کی مشکلات میں کسی حد تک کمی واقع ہوگی۔ تاہم انہوں نے حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہا: ’’گاؤں میں پہلی مرتبہ سڑک کی تعمیر شروع کی گئی جس سے علاقے کے لوگوں میں خوشی کا ماحول ہے، امید ہے کہ سڑک کی تعمیر مکمل کی جائے گی۔
ادھر، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر، آر اینڈ بی، اچھہ بل، ملک مدثر نثار نے کہا کہ ’’اس سڑک کی تعمیر و تجدید علاقے کے لوگوں کی دیرینہ مانگ تھی جس کو پورا کرنے کے لئے سڑک کی تعمیر و تجدید کا کام شروع کیا گیا، حکومتی احکامات کے مطابق علاقے کی دیگر خستہ حال سڑکوں کی بھی مرمت جلد شروع کی جائے گی۔‘‘
یہ بھی پڑھیں:کشتواڑ منی بس سٹینڈ سے ہودری جانے والی سڑک خستہ حال