اننت ناگ / کشتواڑ (جموں کشمیر) :صوبہ جموں کے ضلع کشتواڑ اور وادی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کو جوڑنے والی شاہراہ پر واڑون علاقے کے قریب مارگن ٹاپ پر ایک لوڈ کیریئر حادثے کا شکار ہو گیا۔ لوڈ کیریئر گہری کھائی میں جا گرنے سے اس میں سوار دو افراد کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔ حادثہ میں فوت ہوئے دونوں افراد کا تعلق جنوبی کشمیر سے ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ایک لوڈ کیریئر زیئر رجسٹریشن نمبر JK03M-3594 اننت ناگ ضلع سے مڑواہ کی طرف جا رہا تھا کہ اچانک ناڑیبل کے قریب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جا گرا۔ حادثہ کے سبب لوڈ کیریئر میں سوار دونوں افراد کی موت واقع ہو گئی۔ حادثہ میں فوت ہونے والوں کی نشاخت عابد حسین ساکن کھڈونی، کولگام اور شوکت احمد پٹھانہ ساکن لارنو، اننت ناگ کے طور پر ہوئی ہے۔ اس ضمن میں پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔