رائس مشین گھوٹالہ: گاندربل میں 12 افراد گرفتار، جعلی کرنسی ضبط سرینگر: جموں وکشمیر پولیس نے 'رائس مشین گھوٹالے' میں وسطی ضلع گاندربل کے کنگن علاقے میں 12 افراد کو گرفتار کرکے جعلی کرنسی اور پانچ گاڑیوں کو ضبط کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن کنگن کو 8 فروری 2024 کی شام کو مصدق ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ کجپارہ میں ڈپمنگ پارک کے پیچھے کچھ لوگ مشکوک حالت میں گھوم رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 'ایس ایس پی گاندربل سندیپ گُپتا کی ہدایت پر ایس ڈی پی او کنگن مظفر جان کی قیادت میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے فوری کارروائی انجام دیتے ہوئے جائے موقع پر چھاپہ مار کر 12 افراد کو گرفتار کیا جو مشتبہ حالت میں گھوم رہے تھے'۔
ان کا کہنا تھا کہ تلاشی کے دوران گرفتار شدگان اور ان کی طرف سے جرم کے لئے استعمال کی جانے والی گاڑیوں سے 5 ہزار روپیے کے 30 بنڈل، جس کی کُل رقم 15 لاکھ روپیے بنتی ہے، کی جعلی کرنسی بر آمد کی گئی جبکہ بھارتی کرنسی کے 56 ہزار 6 سو روپیے بھی بر آمد کئے گئے، جس کو بر سر موقع ہی قبضے میں لیا گیا۔
مزید پڑھیں:کیوریٹو سروے گھوٹالہ میں چھ ملزمان کی شناخت، کلیدی ملزم تمل ناڈو میں گرفتار: پولیس
موصوف ترجمان نے بتایا کہ اس کے علاوہ جرم کے ارتکاب کے لئے استعمال کی جانے والی 5 گاڑیوں کو بھی ضبط کیا گیا۔پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کنگن میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔
گرفتار شدگان کی شناخت ریاض احمد میر ولد غلام احمد میر ساکن کج پاره کنگن، غلام نبی ملک ولد محمد عبد اللہ ملک لاری پرنگ، محمد زبیر ولد عبد العزیز بابا نگری و انگت، ارشد احمد وانی ولد محمد اکبر وانی حاجن بانڈی پورہ، ظہور احمد سلر و ولد محمد رفیق بونه گام شوپیاں، عباس احمد صوفی ولد عبدالسلام صوفی بونه گام شوپیاں، بلال احمد صوفی ولد عبد السلام بنپوره شوپیاں، فیروز احمد ٹھوکر ولد علی محمد ٹھوکر کیلر شوپیاں، راجہ رمیز ولد عبدالرشید شاه کولگام، اشفاق احمد وانی ولد محمد اکبر وانی حاجن بانڈی پورہ، زبیر احمد بحران ولد غلام حسن بحران پوشکر اور خورشید احمد میر ولد فیاض احمد میر کجپارہ کنگن کے طور پر ہوئی ہے۔
(یو این آئی مشمولات کے ساتھ )