پلوامہ: ضلع پلوامہ کے پانپور اسمبلی حلقہ سے نیشنل کانفرنس کے امیدوار اور سابق ایم پی ریٹائرڈ جسٹس حسنین مسعودی نے بھی اپنی انتخابی مہم شروع کردی ہے اور پانپور اسمبلی حلقہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے پارٹی کے منشور کو عام کرکے رائے دہندگان کو اپنے جانب راغب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
آرٹیکل 370 کی بحالی ہمارا بنیادی مقصد: حسنین مسعودی (Etv bharat) پانپور اسمبلی حلقہ کے لیے نیشنل کانفرنس کے امیدوار ریٹائرڈ جسٹس حسنین مسعودی نے پاریگام میں پارٹی کارکنوں اور مقامی لوگوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر میں واحد سیاسی جماعت ہے جو جموں و کشمیر میں حالات کو معمول پر لا سکتی ہے۔ ریٹائرڈ جسٹس حسنین مسعودی نے کہا کہ پارٹی کا بنیادی مقصد جموں وکشمیر کے تشخص کو بحال کرنا ہے جسے مرکز سرکار نے 5 اگست 2019 کو غیر آئینی طور پر منسوخ کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں یہ اسمبلی الیکشن ایک چیلنج ہے اور نیشنل کانفرنس واحد سیاسی جماعت ہے جو حالات کو معمول پر لا سکتی ہے اور آرٹیکل 370 کو بحال کر سکتی ہے۔ ریٹائرڈ جسٹس حسنین مسعودی نے جماعت اسلامی کے امیدواروں کے آزاد حیثیت سے اسمبلی الیکشن لڑنے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی عمل میں حصہ لینا اور حکومت کا حصہ بننا ہر شخص کا حق ہے۔
واضح رہے کہ جموں کشمیر میں تقریبا ایک دہائی بعد اسمبلی انتخابات ہورہے ہیں۔ اس دوران 5 اگسٹ 2019 کو جموں و کشمیر کے خصوصی درجہ کو منسوخ کردیا گیا جس کے بعد وادی کشمیر میں کئی دنوں تک لگاتار بند کا سلسلہ جاری رہا۔ اسمبلی انتخابات کے اعلان کے بعد کشمیر کی سیاسی پارٹیاں دفعہ 370 کی بحالی اور جموں و کشمیر میں ریاست کا درجہ دلانے کا عوام سے وعدہ کررہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: