اننت ناگ:جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ساگام، کوکرناگ کے باشندے آج کے دور جدید میں بھی سڑک جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔ میرپورہ، ساگام علاقے کے باشندے دہائیوں سے گہار لگا رہے تھے کہ ان کے علاقے کی طرف جانے والی رابطہ سڑک کی تعمیر و مرمت کی جائے، تاہم دہائیوں بعد انتظامیہ نے سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا جس سے لوگوں میں کافی خوشی پائی جا رہی ہے۔
سب ضلع کوکرناگ سے محض 5 کلومیٹر کی دوری پر واقع اس علاقے کے باشندوں کا کہنا ہے کہ معمولی بارشوں کے دوران انہیں عبور و مرور میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا، ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی ناگہانی آفت یا ایمرجنسی کے وقت بیماروں کو ہسپتال لے جانے کے دوران رابطہ سڑک کے فقدان کی وجہ سے انہیں مریضوں کو چارپائی یا کندھوں پر اٹھا کر مین سڑک تک لے جانا پڑتا تھا۔ لوگوں کا دعویٰ ہے کہ رابطہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے معمولی بارش کے دوران نہ صرف اسکولی بچے بلکہ خواتین اور بزرگ بھی گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دیتے تھے۔ وہیں برفباری کے ایام میں کوکرناگ کا یہ علاقہ تحصیل صدر مقام سے بالکل منقطع ہو جاتا تھا۔