بارہمولہ (جموں کشمیر) :شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں سرحدی علاقے اوڑی کے ناوا رونڈا گاؤں میں بدھ کی صبح ایک رہائشی مکان خاکستر ہو گیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق، ناوا رونڈا علاقے میں ایک مکان سے بدھ کی صبح اچانک آگ کے شعلے بلند ہوئے اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پورے مکان کو اپنی زد میں لے لیا۔ آگ اس قدر بھیانک تھی کہ لمحوں میں رہائشی مکان اور اس میں موجود املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئیں۔
مقامی باشندوں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم وہ اس میں ناکام رہے۔ آگ کی وجہ سے رہائشی مکان خاکستر ہو گیا جبکہ اس میں موجود لاکھوں روپے مالیت کی املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو پائی ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل ہی اوڑی کے دچی علاقے میں ایک خوفناک آگ کی واردات پیش آئی تھی جس میں چار رہائشی مکان اور ایک گؤ خانہ خاکستر ہو گئے تھے۔