بارہمولہ:شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں کے شیر کالونی، سوپور کے رہائشیوں نے علاقے میں پینے کے صاف پانی کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے محکمہ جل شکتی کے خلاف احتجاج کیا۔ شیر کالونی کے باشندوں نے پانی کی شدید قلت اور محکمہ جل شکتی کی عدم توجہی کا حوالہ دیتے ہوئے سوپور میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج کے سبب تارو سوپور روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل بھی متاثر ہوئی۔
احتجاجی مظاہرین نے دعویٰ کیا کہ وہ گزشتہ 20 دنوں سے پینے کے پانی سے محروم ہیں اور ان کے تحفظات کو دور کرنے یا پانی کی فراہمی کے حوالہ سے متعلقہ محکمہ کی جانب سے کوئی بھی مثبت کوشش انجام نہیں دی جا رہی ہے۔ احتجاجیوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’انتخابی دور میں یہاں آنے والے اکثر رہنما اب لوگوں کو بھول گئے ہیں۔‘‘ احتجاجیوں کے مطابق صرف 15 دن قبل ہی جل شکتی محکمہ نے انہیں پانی کی سپلائی بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ تاہم، وہ وعدہ وفا نہیں ہوا، جس کی وجہ سے وہ پہلے جیسی سنگین صورتحال میں ہیں۔