بارہمولہ:شمالی کشمیر کے سرحدی قصبہ اوڑی میں گورنمنٹ پرائمری ہیلتھ سینٹر، مورہ میں بنیادی سہولیات کے فقدان کے باعث مقامی مریضوں اور تیمارداروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بنیادی سہولیات میسر نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو مجبوراً دیگر ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے، جو مقامی باشندوں کے لیے پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ پرائمری ہیلتھ سینٹر میں ایمبولنس کی عدم موجودگی اور ایکس رے ٹیکنیشن نہ ہونے کے سبب لوگ طبی سہولیات سے محروم ہو جاتے ہیں۔ لوگوں نے بتایا کہ پی ایچ سی میں ایک خستہ حال ایمبولنس تھی جسے ناقابل استعمال قرار دیا گیا۔ تاہم آٹھ ماہ سے بھی زائد عرصہ گزرنے کے باوجود مورہ علاقے میں نئی ایمبولنس روانہ نہیں کی گئی۔ لوگوں کے مطابق ’’ایمرجنسی کے دوران دیگر اسپتالوں سے ہمیں ایمبولنس طلب کرنی پڑتی ہے جس سے مریضوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘‘