اننت ناگ (جموں کشمیر) :سات مارچ کو وزیر اعظم نریندر مودی وادی کشمیر کا ایک روزہ دورہ کر رہے ہیں۔ دورے کے دوران وزیراعظم سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔ انتظامیہ کی جانب سے جہاں ریلی کے انعقاد کو کامیاب بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں وہیں سیکورٹی ایجنسیز کی جانب سے بھی سیکورٹی کے کڑے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم کے گرد و نواحی علاقوں میں حفاظتی اہلکاروں کے زمینی گشت میں اضافے کے ساتھ ہیں ڈرونز کے ذریعے سے بھی نگرانی کی جا رہی ہے وہیں سرینگر جموں شاہراہ پر بھی گاڑیوں کی تلاشی لی جا رہی ہے۔
جنوبی کشمیر کے اننت ناگ علاقے میں سرینگر جموں شاہراہ پر سرینگر کی جانب روانہ ہو رہی گاڑیوں کی باریک بینی کے ساتھ تلاشی کی جا رہی ہے وہیں مسافرین، راہگیروں کی بھی جامہ تلاشی کرنے کے علاوہ ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کیے جا رہے ہیں۔ قاضی گنڈ علاقے میں ٹنل سے کشمیر آ رہی کسی بھی گاڑی کو چیک کیے بغیر وادی کشمیر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔