پلوامہ (جموں کشمیر) : جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں ویمز ڈگری کالج کی طالبات نے ہفتہ کے روز کالج کیمپس میں ایک شجرکاری مہم کا انعقاد کیا اور کیمپس کے گرد و نواح میں درجنوں پودے لگائے۔ یہ شجرکاری مہم پرنسپل ویمن ڈگری کالج، پلوامہ اور شعبہ نباتیات کے سربراہ کی نگرانی میں گورنمنٹ ویمن ڈگری کالج پلوامہ کی طالبات نے کالج کیمپس میں انجام دی گئی۔
منتظمین نے بتایا کہ کیمپس میں شجرکاری مہم کے انعقاد کا بنیادی مقصد کیمپس کی ہریالی کو محفوظ رکھنا اور ماحول کو بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ اور اس شجر کاری مہم کا مقصد لوگوں خاص کر طالب علموں کو شجر کاری کی جانب متوجہ کرنا ہے۔ گورنمنٹ ویمن ڈگری کالج پلوامہ کے شعبہ نباتیات کی طالبہ عرشی گل نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کالج کیمپس میں شجر کاری مہم کا انعقاد کافی خوش آئند ہے اور اس پروگرام کا بنیادی مقصد کالج میں ہریالی کو برقرار رکھنا ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے شجر کاری مہم میں زیادہ سے زیادہ شرکت کرنے اور ماحول کو بچانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔