پلوامہ (جموں کشمیر) :پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) سربراہ اور اننت ناگ - راجوری پارلیمانی نشست کے لیے پی ڈی پی امیدوار محبوبہ مفتی نے انتخابی مہم کے تحت جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کا دورہ کرکے عوامی ریلی سے خطاب کیا۔ محبوبہ مفتی نے ایک بار پھر حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی کشمیری عوام کو بے اختیار بنانے کے اپنے ایجنڈے پر قائم ہے۔‘‘
میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ ’’مرکزی حکومت، جموں و کشمیر کے لوگوں کو حقوق سے محروم کر رہی ہے۔‘‘ انہوں نے وادی کشمیر کے قدرتی وسائل کو لوٹنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا: ’’چاول، بجلی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس سے غریب لوگوں کے لیے مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا عوام سے انتخابی عمل میں شرکت کرکے اور پی ڈی پی کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا: ’’وادی کشمیر سے ایک جرات مندانہ آواز ایوان بالا تک پہنچایا وقت کی ایک ضرورت ہے اور پی ڈی پی واحد ایسی سیاسی جماعت ہے جو جموں و کشمیر کی آواز کو پارلیمنٹ تک پہنچا سکتی ہے۔‘‘