پلوامہ (جموں کشمیر) :وزیر اعظم نریندر مودی کے کشمیر دورے کے حوالے سے جموں کشمیر کی مقامی سیاسی جماعتوں کے لیڈران نے اس دورے کو بھی ’’روٹین‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا: ’’نریندر مودی ہمیشہ کی طرح اس بار بھی یہاں کے نوجوانوں کو پوری طرح ایڈرس کرنے میں ناکام رہے۔‘‘ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) لیڈر وحید الرحمان پرہ کے مطابق ’’وزیر اعظم نے آج تک کئی بار کشمیر کا دورہ کیا لیکن آج تک وہ کشمیریوں خاص کر نوجوانوں کو صحیح معنوں میں خطاب کرنے میں ناکام رہے۔‘‘
وزیر اعظم کے دورہ کشمیر پر مقامی سیاسی لیڈران کا رد عمل (ای ٹی وی بھارت) پرہ نے مزید کہا کہ ’’وزیر اعظم نے اسمبلی انتخابات کی بات کی، لیکن انہوں نے اس سے قبل بھی کئی مرتبہ یہ کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات جلد منعقد ہوں گے۔ لیکن یہاں کی لوگ اُن سے کچھ اور ہی امید لگائے بیٹھے تھے کہ یہاں کے نوجوان جو ملک کے مختلف جیلوں میں بند ہیں، مودی ان کی رہائی پر ضرور بات کریں گے، لیکن ایسا ہرگز نہیں ہوا۔‘‘ پرہ نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’وزیر اعظم نے نوجوانوں کی بات کی، لیکن اگر دیکھا جائے تو جموں و کشمیر میں سب سے زیادہ بے روزگاری ہے جس کو حل کرنے کی لوگوں کو امید تھی لیکن اس پر کوئی بات نہیں ہوئی۔‘‘
جماعت اسلامی سے کنارہ کشی اختیار کرکے جموں کشمیر اپنی پارٹی (اے پی) میں شمولیت اختیار کرنے والے سیاسی کارکن ڈاکٹر طلعت مجید نے کہا: ’’وزیر اعظم بار بار کہتے ہیں کہ ’دل کی دوری اور دلی کی دوری کم ہوگی‘ تا ہم اس کو زمین سطح پر عملانے کی بھی ضرورت ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ان (مودی) کے دورے سے قبل نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ شروع ہو گئی تھی جس سے واضح ہوتا ہے کہ دل اور دلی کی دوری کم نہیں ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کو مخاطب ہوکر کئی باتیں کیں، تاہم انہیں ان نوجوانوں کے جذبات اور خیالات کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔‘‘
پی ڈی پی کے ترجمان موہت بان نے وزیر اعظم کے دورہ کشمیر کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’یہاں کے نوجوانوں کے بارے میں زمینی سطح پر کوئی کام نہیں کیا گیا، یہاں کی بے روزگاری کی شرح کو کم کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘ ریکروٹمنٹ کے حوالہ سے انہوں نے کہا: ’’جو بھی بھرتی آج تک عمل میں لائی گئی اس سب میں دھاندلی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے نوجوان بے روزگاری کے شکار ہو رہے ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھیں:کشمیر میں یوگا ڈے کے موقع پر ’ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک‘ کے سنگین الزامات - International Yoga Day