پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے جموں و کشمیر میں حالیہ عسکریت پسندوں کے حملوں کے خلاف جمعہ کو جموں میں پارٹی دفتر کے باہر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا، پی ڈی پی کے ایڈیشنل جنرل سکریٹری راجندر منہاس اور ترجمان ایس وریندر سنگھ سونو کی قیادت میں درجنوں پارٹی کارکنوں نے گاندھی نگر میں پی ڈی پی دفتر سے احتجاجی مارچ نکالا تاہم پولیس نے آگے جانے سے روک دیا۔ تاہم مظاہرین نے پولیس کی بیریکیڈ سے آگے بڑھ کر اپنے دفتر واپس جانے سے پہلے جموں ایئرپورٹ روڈ کے قریب مختصر دھرنا دیا۔
ETV Bharat / jammu-and-kashmir
جموں میں عسکریت پسندوں کے حملوں کے خلاف پی ڈی پی کا احتجاجی مظاہرہ - PDP Protest Against Terror Attacks - PDP PROTEST AGAINST TERROR ATTACKS
جموں ڈویژن میں بڑھتے ہوئے عسکریت پسندوں کے حملوں کے خلاف پی ڈی پی نے آج پارٹی دفتر کے باہر زبردست احتجاج کیا، جس میں بڑی تعداد میں کارکن شامل ہوئے اور عسکریت پسندی کے خلاف نعرے لگائے۔
Published : Jun 14, 2024, 4:30 PM IST
مظاہرین نے ائ ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم سالانہ امرناتھ یاترا سے پہلے جموں میں سیکورٹی کی تشویشناک صورتحال پر فکر مند ہیں۔ یہ حملے سیکورٹی کی ناکامی کی عکاسی کرتے ہیں جبکہ پہلے جموں خطہ پرامن رہا ہے لیکن مرکزی حکومت کے معمولات کی بحالی کے دعووں کے باوجود صوبے میں عسکریت پسندوں کے حملے تشویشناک ہیں۔ انہوں نے کہا جموں کے لوگ عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں میں اضافے سے خوفزدہ ہیں۔ حکومت کو اپنی گہری نیند سے بیدار ہونا چاہیے اور عسکریت پسندوں کا صفایا کرنے کو یقینی بنانا چاہیے۔
ایک اور احتجاجی نے کہا کہ پارٹی عسکریت پسندی کے خلاف جنگ میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ تاہم، انہوں نے کہا، "ایک طرف، حکومت نے دعوی کیا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے ساتھ ہی عسکریت پسندی کا صفایا کر دیا گیا ہے، لیکن دوسری طرف، نئے علاقے، وہ بھی پرامن جموں خطے میں، بڑھتے ہوئے عسکریت پسندوں کا مشاہدہ کر رہے ہیں جو حکومت کی ناکامی ہے۔ جموں کشمیر کی عوام عسکریت پسندوں کی لعنت کے خلاف ہیں جس نے جموں و کشمیر کو پچھلے 30 سالوں سے بری طرح متاثر کیا ہے۔
پی ڈی پی رہنماؤں نے جنوبی کشمیر کے ہمالیہ میں واقع امرناتھ کے 3,880 میٹر اونچے غار کی عبادت گاہ کی آئندہ سالانہ یاترا کے لیے مناسب سیکورٹی کا مطالبہ بھی کیا۔ بتادیں کہ اتوار اور بدھ کی درمیانی شب جموں صوبے کے ریاسی، کٹھوعہ اور ڈوڈہ اضلاع میں عسکریت پسندوں نے چار مقامات پر حملہ کیا، جس میں 9 یاتریوں اور ایک سی آر پی ایف جوان ہلاک ہوا۔ ان حملوں میں سات سیکورٹی اہلکار، 41 زائرین اور ایک دیہاتی زخمی بھی ہوا۔ کٹھوعہ میں ایک انکاؤنٹر میں دو عسکریت پسندوں کو بھی مار گرایا گیا، جب کہ دوسرے عسکریت پسندوں کا سراغ لگانے اور انہیں پکڑنے کے لیے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم جاری ہے۔