پلوامہ (جموں کشمیر):نیشنل گرین ٹریبونل کی مداخلت کے بعد جموں و کشمیر پولیوشن کنٹرولکمیٹی نے ڈی سی پلوامہ کو رمبی آرا اور رومشی نالہ میں ریور بیڈ مائننگ روکنے کی ہدایت دی ہے۔ گذشتہ برس بھی این جی ٹی نے جموں کشمیر حکومت سمیت ڈی سی پلوامہ کو ایک سماجی کارکن راجہ مظفر بٹ کی جانب سے پلوامہ کے رومشی نالہ میں غیر قانونی ریور بیڈ مائننگ کے خلاف عرضی داخل کرنے کے بعد نوٹس جاری کیا تھا۔
جموں و کشمیر پولیوشن کنٹرول کمیٹی (پی سی سی) نے کچھ روز قبل جاری کردہ ایک حکم نامے میں پلوامہ کے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی ہے کہ وہ ماحولیات سے متعلق رہنما خطوط کی خلاف ورزی کے مرتکب رمبی آرا کے دو بلاکس میں ٹھیکیداروں کو کان کنی سے روکیں۔ دو فروری کو جاری کردہ دو مختلف احکامات میں جموں وکشمیر پولیوشن کنٹرول کمیٹی نے ایم ایس خورشید احمد اور ایم ایس امنیش کمار شرما کو کان کنی بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔