پونچھ (جموں کشمیر) :پاکستانی زیر قبضہ کشمیر کے ضلع کوٹلی کے گاؤں سخی ناتھ کی رہائشی 45سالہ نسیم فاطمہ کو بھارتی فوج نے ہفتہ کی رات راجوری ضلع کے نوشہرہ سیکٹر کے پکھرنی گاؤں سے حراست میں لے لیا تھا۔ وہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب گھومتی ہوئی پائی گئی تھی جس کے بعد فوج نے اسے حراست میں لے لیا تھا تاہم ابتدائی تحقیقات کے بعد ہی پتہ چلا تھا کہ وہ غلطی سے سرحد عبور کرکے بھارتی سرحد میں داخل ہوئی تھی۔
بھارتی فوج نے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ رابطہ قائم کیا اور چکہ داں باغ کے راستے سے مذکورہ خاتون کو اس پاکستانی حکام کے سپرد کر دیا گیا تاکہ وہ واپس اپنے اہل خانہ کے ساتھ جا ملے۔ جس وقت خاتون کو پاکستانی فوج کے حوالے کیا گیا اس وقت دونوں اطراف کے سیول حکام بھی موجود تھے، فوج کا کہنا ہے کہ لوازمات کی تکمیل کے بعد ہی خاتون کو پاکستانی حکام کے سپرد کر دیا گیا۔