اننت ناگ:’’پہاڑی اتھنک ٹرائبل مومنٹ‘‘ نامی تنظیم کے اراکین نے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں خاموش احتجاج درج کیا۔ اننت ناگ کے وزیر باغ میں تنظیم کی جانب سے ایک میٹنگ طلب کی گئی جس میں پہاڑی طبقہ کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ میٹنگ کے دوران مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ چھ ماہ قبل پہاڑی طبقہ کو ایس ٹی (شیڈول ٹرائب) کا درجہ دیا گیا تاہم اس کے باوجود بھی انہیں سرٹفکیٹس فراہم نہیں کی جا رہی ہیں، سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لئے محکمہ مال کے دفاتر کا بار بار رخ کرنے کے باوجود تاخیر اور ٹال مٹول سے کام لیا جا رہا ہے۔
تنظیم کے ممبران نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر سرکار نے انہیں ایس ٹی درجے کا حق دیا ہے تو انہیں اس سے محروم کیوں رکھا جا رہا ہے! اس موقع پر مقررین نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی خاطر خواہ تعاون نہیں مل رہا ہے، جس کی وجہ سے پہاڑی کمیونٹی کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
پہاڑی اتھنک ٹرائبل مومنٹ نے انتظامیہ سے پُر زور مطالبہ کیا کہ ان کے مسائل پر سنجیدگی سے غور کیا جائے اور فوری طور پر سرٹیفکیٹ کے اجراء کے عمل کو یقینی بنایا جائے تاکہ پہاڑی طبقہ کو ان کے جائز حقوق مل سکیں۔ میٹنگ میں شامل مقررین نے محکمہ مال کے دفاتر میں افسران کے رویے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پہاڑی کمیونٹی کے لوگ اکثر دور دراز کے علاقوں سے سفر کر کے آتے ہیں اور افسران کی جانب سے غیر ضروری تاخیر کی وجہ سے انہیں اپنا کام کاج چھوڑ کر دفاتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں، نہ صرف ان کا وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ مالی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔