سرینگر: جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات 2024 میں نیشنل کانفرنس کی شاندار کامیابی کے بعد عمر عبداللہ یو ٹی کے پہلے وزیر اعلیٰ کے طور پر بدھ کو حلف لیں گے۔ عمر عبداللہ نے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر پیر کو اطلاع دی کہ ’’حلف برداری کی تقریب 16 اکتوبر 2024 کو صبح 11:30 بجے سرینگر کے ایس کے آئی سی سی میں منعقد ہوگی۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے پرنسپل سیکریٹری کی جانب سے دئے گئے خط کو عمر عبداللہ نے ایکس پر شیئر کیا۔ خط میں کہا گیا ہے: ’’محترم جناب عمر عبداللہ صاحب۔ مجھے ڈاکٹر فاروق عبداللہ، صدر نیشنل کانفرنس، کا 11 اکتوبر 2024 کا خط موصول ہوا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ آپ کو متفقہ طور پر قانون ساز پارٹی کا رہنما منتخب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جناب طارق حمید قرہ، سی پی آئی (ایم) کے سیکریٹری جناب جی این ملک، عام آدمی پارٹی کے قومی سیکریٹری جناب پنکج کمار گپتا اور آزاد ارکان اسمبلی جناب پیارے لال شرما، ستی شرما، چودھری محمد اکرم، ڈاکٹر رمیشور سنگھ اور مظفر اقبال خان کی جانب سے آپ کی حکومت کو حمایت فراہم کرنے کا اظہار کیا گیا ہے۔ میں آپ کو جموں و کشمیر کی حکومت تشکیل دینے اور اس کی قیادت کرنے کی دعوت دیتا ہوں۔‘‘