پلوامہ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں کئی رابطہ پل برسوں سے تشنہ تکمیل ہیں جبکہ کئی مقامات پر پل دستیاب ہی نہیں ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو عبور و مرور میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سب ڈسٹرکٹ اسپتال ترال کے نزدیک نالہ واتل آڑہ پر پل کی عدم دستیابی سے ایک درجن کے قریب دیہات میں رہائش پذیر آبادی کو عبور ومرور میں سخت دقتوں کا سامنا ہے۔
سب ڈسٹرکٹ اسپتال کے نزدیک اس اہم مقام پر پل تعمیر نہ کیے جانے سے طلباء، بیماروں سمیت عوام الناس کو ترال پہنچنے کے لیے دور راستے کا انتخاب کرنا پڑتا ہے جس کے سبب لوگ زبردست مشکلات میں مبتلا ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق اگرچہ انتظامیہ اس نالے پر ڈایورژن بناتا ہے مگر بارش برستے ہی ڈائیورژن پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ جاتا ہے اور ایک وسیع علاقہ رابطہ سہولیات سے محروم ہو جاتا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس مقام پر پل تعمیر کرنے کے حوالے سے وہ گزشتہ چالیس برسوں سے مطالبہ کر رہے ہیں جس پر حکام غور نہیں کر رہے اور پل تعمیر نہ کیے جانے سے ایک وسیع آبادی مشکلات کے بھنور میں ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق اگرچہ آر اینڈ بی محکمہ نے اس مقام پر پل تعمیر کرنے کے حوالے سے جلد از جلد کام کرنے کی بار بار یقین دہانی کروائی لیکن ’’ہنوز دلی دور است۔‘‘