سرینگر:مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر میں یوم جمہوریہ کے موقعے پر انٹرنیٹ خدمات بحال رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جموں کشمیر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یوم جمہوریہ کی تقاریب کو پر امن طریقے سے منانے کے لیے سکیورٹی کے تمام انتظامات کئے گئے ہیں اور 26 جنوری کو ہونے والی تقاریب میں عام لوگوں کو بھی دعوت ہے کہ وہ ان تقاریب میں شرکت کریں۔ سرینگر میں یوم جمہوریہ سے قبل کشمیر پولیس زون کے انسپکٹر جنرل ودھی کمار بردھی نے کہا کہ یوم جمہوریہ کے روز انٹرنیٹ خدمات کو معطل نہیں کیا جائے گا اور کوئی بھی بندش نافذ نہیں رہی گی۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے نگرانی بڑھائی ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہ آئے اور ان کو امید ہے کہ یوم جمہوریہ پر امن اور جشن کے ساتھ منایا جائے گا۔ گزشتہ دنوں کشمیر صوبہ کے کمشنر وجے کمار بدھوری نے کہا کہ عام لوگ بھی سرینگر کی تقریب میں شرکت کر سکتے ہیں اور ان کو کسی سکیورٹی پاس کی کوئی ضرورت نہیں ہوگی۔