سرینگر (جموں کشمیر) :نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کے تئیں کانگریس کے ساتھ تین سیٹوں پر سیٹ شیئرنگ پر گفتگو جاری ہے اور آنے والی میٹنگ میں دونوں جماعتیں حتمی فیصلہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کانگرس قیادت کے ساتھ دلی میں سیٹ شیئرنگ معاملے پر ایک ملاقات ہوئی ہے جس میں کانگریس نے کچھ تجاویز رکھی تھیں اور جب نیشنل کانفرنس نے ان تجاویز پر گفتگو کی تو بیشتر لیڈران نے ان تجاویز کو مسترد کر دیا۔ تاہم اب کانگریس قیادت کے ساتھ دوسری اور آخری میٹنگ میں سیٹ شیئرنگ پر حتمی فیصلہ ہوگا۔
عمر عبد اللہ نے مزید کہا کہ جموں کشمیر اور لداخ میں چھ پارلیمانی سیٹوں میں سے تین پہلے ہی نیشنل کانفرنس کے پاس ہیں اور ان پر سیٹوں پر شیئرنگ کے حوالہ سے کوئی گفتگو نہیں ہوگی۔ یہ تین سیٹیں سرینگر، بارہمولہ اور اننت ناگ ہیں جو نیشنل کانفرنس نے سنہ 2019 کے پارلیمانی انتخابات میں جیتی تھیں۔ عمر عبداللہ نے مزید کہا کہ جموں، ادھمپور-ڈوڈہ اور لداخ کی نشست پر اب کانگریس کے ساتھ دوسری اور آخری میٹنگ ہوگی جس میں مفاہمتی فیصلہ لیا جائے گا۔