اننت ناگ (جموں کشمیر):ضلع اننت ناگ کے لال چوک میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی جانب سے ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت پارٹی کے یوتھ صدر اور پارٹی کے سرینگر پارلیمانی نشست کے امیدوار وحید الرحمان پرہ نے کی۔ ان کے ہمراہ پی ڈی پی کے کئی سینئر رہنما اور ورکرز کی بڑی تعداد موجود رہی۔ ریلی کی شروعات اننت ناگ کے گھنٹہ گھر، لال چوک سے کی گئی جہاں پر موجود ورکرز سے وحید الرحمان پرہ نے خطاب کیا اور اس کے بعد ریلی کی صورت میں پیدل پیش قدمی بھی کی گئی۔ ریلی سے قبل وحید الرحمان پرہ نے بابا حیدر ریشی عرف ریشی مول صاحب رحمہ اللہ کی درگاہ پر حاضری دی۔ اننت ناگ - راجوری پارلیمانی نشست پر 25مئی کو انتخابات ہوں گے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے وحید الرحمان پرہ نے کہا کہ لوگ جانتے ہیں سب سے زیادہ سختی پی ڈی پی پر کی گئی، کیونکہ پی ڈی پی واحد ایک ایسی سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ مرکزی سرکار کے خلاف اپنی آواز بلند کی ہے۔ اسلئے لوگ بخوبی سمجھتے ہیں کہ پی ڈی پی سے بہتر اور کوئی آواز نہیں ہو سکتی جو پارلیمنٹ میں عوام کی بہتر نمائندگی کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اننت ناگ ایک ایسا ضلع ہے جہاں سے مرحوم مفتی محمد سعید نے اپنے سیاسی سفر کی شروعات کی تھی۔ اسلئے پارٹی کو یہاں کے لوگوں سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ پرہ نے کہا کہ 2019 کے بعد جو حالات پیدا ہوئے اس سے یہاں کی عوام کا دم گھٹ رہا ہے۔