بڈگام (جموں کشمیر):وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں اسمبلی حلقہ بیروہ سے نیشنل کانفرنس نے ڈاکٹر شفیع احمد وانی کو امیدوار نامزد کیا۔ بیروہ اسمبلی حلقہ سے عمر عبداللہ بھی ماضی میں قانون ساز اسمبلی کے لیے رکن منتخب ہوئے ہیں اور گاندربل نشست کی طرح بیروہ بھی نیشنل کانفرنس کا گڑھ تصور کی جاتی ہے۔ اس حلقے پر این سی کارکنان کے مابین منڈیٹ کو لیکر کافی اندرونی خلفشار پایا جا رہا تھا اس وجہ سے این سے نے آخری لمحات میں شفیع وانی کو امیدوار نامزد کیا۔
ڈاکٹر شفیع احمد وانی اس سے قبل بھی بیروہ نشست سے ایک مرتبہ ایم ایل اے رہ چکے ہے۔ وانی نے کاغذات نامزدگی داخل کرانے سے قبل ای ٹی وی بھارت کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا: ’’ہم سے ہمارا آئینی حق چھینا گیا، جس کی وجہ سے زبانوں پے تالے لگے ہوئے تھے اور اب یہ تالے دس سال بعد ان کے خلاف ووٹ کی صورت میں کھلے گے جنہوں نے ہر محاذ پر کشمیر کے باشعور عوام کو اپنے پیروں کے نیچے کچل ڈالا۔‘‘