اردو

urdu

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

میرواعظ کشمیر کو مسلسل چوتھے جمعہ کو گھر میں نظر بند کیا گیا - MIRWAIZ KASHMIR

مسلسل چوتھے جمعہ کو میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کو گھر میں نظر بند کیا گیا۔

MIRWAIZ KASHMIR
میرواعظ کشمیر کو مسلسل چوتھے جمعہ کو گھر میں نظر بند کیا گیا (Etv Bharat)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 27, 2024, 4:50 PM IST

سرینگر: انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے انجمن کے سربراہ اور میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کو ریاستی انتظامیہ کی جانب سے مسلسل چوتھے جمعہ کو ان کی رہائش گاہ، میرواعظ منزل نگین میں نظر بند کیا گیا۔ انجمن نے ان کی منصبی اور دینی سرگرمیوں پر پابندی عائد کیے جانے کے اقدام کو حد درجہ افسوسناک اور طاقت کے بل پر کیا گیا اقدام قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسے موسم میں جبکہ شدید سردی کے باوجود کثیر تعداد میں عقیدت مند وادی کے مختلف اطراف سے مرکزی جامع مسجد میں جناب میرواعظ کے مواعظ حسنہ کو سننے کے لیے جمع ہوئے تھے۔ ریاستی انتظامیہ کا اس طرح کا اقدام ان عقیدت مندوں کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ جناب میرواعظ کو آئے روز خصوصاً جمعہ کے دن پر گھر میں نظر بند کر کے، نہ صرف ان کو اپنی منصبی اور دینی فرائض کی ادائیگی انجام دینے سے روکا جا رہا ہے، بلکہ انتظامیہ کا اس طرح کا جارحانہ اقدام یہاں کے مسلمانوں کے لیے شدید اذیت کا بھی باعث بنتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ آج علی الصبح ہی سے حکام کی جانب سے جناب میرواعظ کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی گاڑی کھڑی کر کے موصوف کو آگاہ کیا گیا کہ ان کو مرکزی جامع مسجد میں نماز جمعہ اور وعظ و تبلیغ کی ادائیگی کی اجازت نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

سرکار میرواعظ کے تئیں اختیار کی گئی پالیسی کو تبدیل کریں۔انجمن اوقاف

ABOUT THE AUTHOR

...view details