جموں:جموں و کشمیر میں ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے جمعرات کی شب سے ہی ایک بار پھر موسم میں تبدیلی آئی۔ یونین ٹیریٹری کے بیشتر علاقوں میں جمعہ کو بھی مطلع ابر آلود رہا۔ وادی کشمیر سمیت خطہ چناب اور پیر پنچال رینج میں وقفے وقفے سے کہیں کہیں بارشیں ہوئیں۔ محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر کے 11 اضلاع کے لیے یکم سے 2 مارچ تک اورنج الرٹ جاری کیا ہے اور اس عرصے کے دوران موسلادھار بارش اور برفباری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ جبکہ یو ٹی کے دیگر اضلاع میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، جس میں درمیانہ سے بھارتی بارشوں اور برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ خراب موسمی صورتحال میں سرینگر جموں قومی شاہراہ سمیت دیگر شاہراہیں ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے بند ہو سکتی ہیں۔
ادھر، محکمہ موسمیات کی جانب برف و باراں کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے اور معروف سیاحتی مقام اور اسکی ریزارٹ گلمرگ کے بغیر سبھی مقامات پر شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر ریکارڈ ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی ایڈائزری میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب مغربی ہوا Western Disturbanceکی ایک لہر داخل ہونے والی ہے جس کے زیر اثر جموں و کشمیر میں یکم مارچ کی صبح سے 3 مارچ کی دو پہر تک وسیع پیمانے پر درمیانی درجے کی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں جس کا زیادہ تر اثر 2 مارچ کو رہے گا۔