سرینگر (جموں کشمیر) :محکمہ موسمیات کی جانب سے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں وسیع پیمانے پر بارشوں کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری درج ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں دوران شب کئی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر میں ہلکی بوندا باندی ہوئی جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گلمرگ میں 0.2 ملی میٹر اور قاضی گنڈ میں 0.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق مغربی ہوا کی ایک او لہر وادی کشمیر میں داخل ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں 18 اپریل کی شام سے 19 اپریل کی رات تک وادی کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری یا درمیانہ درجے کی بارشیں ہو سکتی ہیں جبکہ میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارشوں کا امکان ہے اور اس دوران کہیں کہیں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 20 اپریل کو بھی کچھ مقامات پر ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 25 اپریل تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ وادی میں 26 اور 27 اپریل کو بھی بارشوں کا امکان ہے۔
ترجمان نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ 17 اپریل اور 21 اپریل کے بعد کھیت کھلیانوں اور باغات میں اپنے آپریشنز چلا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وادی کے کچھ پہاڑی علاقوں میں 19 اپریل کو زمینی ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل متاثر ہو سکتی ہے جبکہ کچھ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا بھی امکان ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ اس دوران کچھ مقامات پر مٹی کے تودے گر آنے کے بھی امکانات ہیں۔