انتیس فروری سے جموں وکشمیر میں برف وباراں کا امکان: ڈاکٹر مختار سرینگر(جموں و کشمیر): محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں پیر کی شام سے ہلکے درجے کے برف و باراں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
متعلقہ محکمے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے بتایا کہ 26 فروری کی شام سے 27 فروری کی دوپہر تک پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں بعد ازاں 28 اور 29 فروری کو بھی مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد وادی میں موسم وسیع پیمانے پر خراب ہونے کا امکان ہے۔
موصوف ڈائریکٹر نے بتایا کہ یکم سے 3 مارچ تک وادی کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری اور بارشیں، جبکہ بعض پہاڑی علاقوں میں بھاری برف باری ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میدانی علاقوں میں زیادہ بارشوں کے ہی امکانات ہیں، تاہم ہلکی برف باری کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پہاڑی علاقوں کے لوگوں کو ان جگہوں پر جانے سے گریز کرنا چاہئے جہاں برفانی تودے گر آنے کے خطرات رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علاوہ ازیں لوگوں کو محکمہ ٹریفک کی طرف سے جاری ایڈوائزری پر عمل پیرا ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری ہوسکتی ہے اور تیز ہواؤں کے چلنے کا بھی امکان ہے۔
ادھر وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر گراوٹ درج ہوئی ہے۔گرمائی دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
مزید پڑھیں:جموں و کشمیر: بھاری برفباری کی وجہ سے معمولاتِ زندگی متاثر
قابل ذکر ہے کہ وادی میں بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوا ہے گرچہ اس چلہ کے دوران بھی بھاری برف باری ہوسکتی ہے تاہم درجہ حرارت میں بتدریج بہتری ریکارڈ کی جائے گی۔