سرینگر (نیوز ڈیسک):شمالی کشمیر کی بارہمولہ نشست سے ممبر پارلیمنٹ اور عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کے سربراہ انجینئر رشید نے تہاڑ جیل میں سرینڈر کیا۔ انجینر رشید کی آج عبوری ضمانت ختم ہوئی اور وہ پارٹی ترجمان کے ہمراہ دارالحکومت روانہ ہوئے تھے۔ انجینئر رشید 2019 سے تہاڑ جیل میں بند ہے۔ رشید کو سال 2017 میں ایک مبینہ دہشت گردی فنڈنگ کیس میں قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) نے غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت گرفتار کیا تھا۔
انجینئر رشید نے جیل میں رپورٹ کرنے سے قبل میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا: ’’میں کوئی چور یا مجرم نہیں کہ سرینڈرکروں، میں تہاڑ جیل رپورٹ کرنے آیا ہوں سرینڈر کرنے نہیں۔‘‘ یاد رہے کہ رشید کو دارالحکومت دہلی کی عدالت نے 7 ستمبر کو عبوری ضمانت دیتے ہوئے 3 اکتوبر کو واپس جیل جانے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے پہلے 13 اکتوبر اور پھر 28 اکتوبر تک ان کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔ ادھر، عدالت آج انجینئر رشید کی مستقل ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سنانے والی ہے۔ رشید پر مبینہ طور طور دہشت گردی کی فنڈنگ کا کیس درج ہے۔