سرینگر (جموں کشمیر):اننت ناگ - راجوری پارلیمانی سیٹ پر 25 مئی کو کشمیری مہاجر پنڈت رائے دہندگان کی ووٹنگ کے لیے جموں میں 21 پولنگ اسٹیشن اور آٹھ معاون مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ جموں کے جگتی کیمپ سمیت دیگر مقامات پر رہنے والے تقریباً 27 ہزار کشمیری پنڈت ان بوتھوں پر ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ قبل ازیں، سرینگر اور بارہمولہ پارلیمانی نشستوں پر ووٹنگ کے لیے تین معاون پولنگ اسٹیشن بنائے گئے تھے۔ وہیں اننت ناگ - راجوری سیٹ پر مہاجر ووٹروں کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے اضافی پولنگ اسٹیشنوں کا انتظام کرنے کا فیصلہ انتظامیہ کی جانب سے لیا گیا ہے۔
اننت ناگ - راجوری پارلیمانی سیٹ پر 18 اسمبلی حلقوں میں سب سے زیادہ 18,30,294 ووٹر ہیں جن میں 9,30,379 مرد اور 8,99,888 خواتین ووٹر ہیں۔ اس کے علاوہ 27 تیسری جنس کے ووٹ بھی شامل ہیں۔ انتخابی کمیشن کے افسران کا کہنا ہے کہ ’’اننت ناگ - راجوری لوک سبھا سیٹ کے لیے مہاجر ووٹروں کی تعداد زیادہ ہے۔ جس کی وجہ سے ان کی سہولت کے لیے اضافی معاون پولنگ اسٹیشنز کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے۔ یہ تمام آٹھ مراکز، مرکزی پولنگ اسٹیشنوں کے اندر قائم کیے جا رہے ہیں۔ ان کا مقصد ووٹنگ کو آسان بنانا ہے۔ وہیں زیادہ تر مہاجر ووٹروں نے ’ووٹ فار ہوم ووٹنگ‘ میں پوسٹل لیٹر کے ذریعے ووٹ ڈالنے کو ترجیح دی ہے۔‘‘