اننت ناگ:مراز ادبی سنگم اور گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین، اننت ناگ نے مشترکہ طور پر ایک ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈاکٹر محمد شفیع ایاز کی تحریر کردہ کتاب ’’دی ٹیل آف مائی ٹاؤن‘‘ نام کی کتاب کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔ اس کتاب میں اننت ناگ کی تاریخ پر روشنی ڈالی گئی ہے اور اس میں اننت ناگ کے مختلف ادوار کا ذکر کیا گیا ہے اور مختلف پہلوؤں کے حوالے سے اننت ناگ شہر کے ماضی سے لے کر آج تک کی تفصیلی تاریخ بیان کی گئی ہے۔
تقریب کے آغاز میں مراز ادبی سنگم اور گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین کے ترانے بجائے گئے۔ پروفیسر مسروقہ قادری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور مشتاق ضمیر نے تقریب کی کارروائی آگے بڑھائی جبکہ یوسف جہانگیر نے اجرا کی گئی کتاب پر تفصیلی مقالہ پیش کیا۔ اس موقع پر مراز ادبی سنگم نے ڈاکٹر شفیع ایاز کو اسناد و اعزاز سے نوازا۔ مصنف نے خود بھی اپنی تحریر کردہ کتاب پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا: ’’ہر ایک شخص کو اپنے آبائی وطن کے ساتھ فطری محبت ہوتی ہے اور اس کی تاریخ جاننے کا جذبہ بھی ہوتاہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس کتاب کے ذریعے انہوں نے اپنے وطن ’’اننت ناگ‘‘ کی تاریخ کو جمع کرنے کی کوشش کی ہے۔